حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی ؒ کو انکی 33ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے امام خمینی ؒ کے کردار و عمل کو مشعل راہ بنانے اور موصوف کے احیاے دین کے مشن کے تشہیر و ترویج کا عزم دہرایا۔
تنظیم کے اہتمام سے وادی میں منعقد ہونے والے تمام جمعہ مراکز پر ائمہ جمعہ نے امام خمینی ؒ کو خراج عقیدت نذر کیا اور آپ کے علمی و انقلابی کارناموں کی وضاحت کی مرکزی امام باڑہ بڈگام میں بھاری جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت امام خمینی ؒ کو خراج نذر کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ایک عرفانی روحانی اور الہامی شخصیت تھی جس نے اسلام کی حقیقی فکر اور نصب العین کو اجاگر کیا اور ایران قوم کو ایک ایسی شہنشاہیت کے خلاف فیصلہ کن مزاحمت کے لئے آمادہ کیا جس شہنشاہیت کے پشت پر دنیا کی تمام سامراجی قوتیں تھی یہ امام خمینی ؒ کی قائدانہ صلاحیتوں کا نتیجہ تھا کہ ایران میں نہ صرف صد سالہ شہنشاہیت کا خاتمہ ہوا بلکہ ایک اسلامی نظام حکومت قائم ہوا۔
آغا صاحب نے کہا کہ امام خمینی ؒکی سب سے بڑی دین نظام ولایت فقی ہے جس کی بیخ کنی کے لئے اسلام مخالف قوتیں مدتوں سے مصروف عمل ہیں اس موقعہ پر آغا صاحب نے وادی میں کشمیری پنڈتوں اور غیر ریاستی مزدوروں کی ہلاکتوں کے سلسلے کو انتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہلاکتیں قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ہلاکتوں سے وادی میں صدیوں سے قائم فرقہ وارانہ بھائی چارے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔آغا صاحب نے کہا کہ اس نازک مرحلے پر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کشمیری پنڈتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور مہلوک افراد کے لواحقین کے غم و ماتم میں برابر کی شریک ہے ۔